15 مئی ، 2023
پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو مرتبہ شادی کی لیکن دونوں مرتبہ شادی میں ناکامی کے بعد مزید شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی۔
اس دوران انہوں نے بتایا کہ ’میری پہلی شادی زینت منگی سے ہوئی تھی جس سے میرے دو بچے شہزاد شیخ اور مومل شیخ ہیں، زینت سے میری شادی اس وقت ہوئی جب میں فلم ڈوبتا کنارہ کی شوٹنگ کیلئے شارجہ جانے والا تھا، اسی دوران میری ملاقات زینت سے ہوئی وہ میری فین تھی، ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا تو میں نے شادی کا فیصلہ کرلیا، ہمارا 3 سال کا ساتھ رہا لیکن پھر زینت سے ذہنی ہم آہنگی اور مزاج کا فرق علیحدگی کی وجہ بن گیا، پھر ہماری علیحدگی ہوگئی اس کے بعد میں اچھا خاصاڈسٹرب ہوگیا تھا‘۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ ’اس کے بعد میں فلم ’ہم اور تم ‘کررہا تھا تو میرے ساتھ سلمیٰ آغا بھی تھیں اس دوران انہوں نے مجھے خاصا سپورٹ کیا اور اس کے بعد خود مجھے شادی کی آفر کی لیکن یہ شادی بھی میری 3 سال چل سکی، سلمیٰ آغاسے میری کوئی اولاد نہیں ہے، سلمیٰ آغا سے علیحدگی کے بعد میں نے پھر شادی نہیں کی اس کے بعد یہ سوچ کر شادی نہیں کی کہ لوگ میرے متعلق یہ رائے نہ قائم کرلیں کہ میں شادی ہی کرتا رہتا ہوں‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جاوید شیخ نے ایک انٹرویو کے دوران یہ بھی بتایا تھا کہ سلمیٰ آغا کے بعد انھیں نیلی نے سہارا دیا تھا۔