Time 14 مارچ ، 2021
انٹرٹینمنٹ

جاوید شیخ نے اپنی فلم میں بیٹے کو بطور ہیرو کاسٹ کیوں نہیں کیا؟

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ نے اپنی فلم ’وجود‘ میں اپنے ہی صاحبزادے شہزاد شیخ کو بطور ہیرو کاسٹ نہ کرنے کی وجہ بتادی ۔

جاوید شیخ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئے اور بیٹے کو فلم میں کاسٹ نہ کیے جانے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے فلم ’وجود‘ بنائی تو میرے اپنے ہی گھر میں جھگڑا ہوگیا  کیونکہ سب کا کہنا تھا کہ فلم میں اداکار دانش تیمور  کیوں ہیرو ہیں شہزاد شیخ کیوں نہیں؟

جاوید شیخ نے کہا کہ پھر میں نے سب کو سمجھایا کہ اس کردار کے لیے شہزاد مناسب نہیں تھا۔

انہوں نےکہا کہ بیٹا ہونے کی وجہ سے شہزاد کو فلم میں کوئی کردار نہیں دے سکتا ، اگر مجھے ایسا لگے گا کہ شہزاد کے لیے کوئی کردار مناسب ہے تب میں اسے ضرور لاؤں گا لیکن اس کے بغیر میں ایسا نہیں کرسکتا۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے آج تک شہزاد اور مومل دونوں کے لیے کبھی کسی کو فون نہیں کیا لیکن سلیم شیخ کو ان کے ٹیلنٹ  کے باعث سب سے زیادہ فلموں میں چانس میں نے ہی دیا۔

خیال رہے کہ جاوید شیخ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم وجود 2018 میں ریلیز کی گئی تھی جس میں پہلی مرتبہ سپر اسٹار ندیم، شاہد اور جاوید شیخ ایک ساتھ نظر آئے تھے، فلم میں ٹی وی اداکار دانش تیمور، اداکارہ سعیدہ امتیاز اور بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

مزید خبریں :