Time 15 مئی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

آپ کو اپنا فون رات بھر چارج کرنے سے گریز کیوں کرنا چاہیے؟

یہ عادت فون کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے / فائل فوٹو
یہ عادت فون کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے / فائل فوٹو

اپنے فون کو رات بھر چارج پر لگا کر چھوڑ دینا کافی اچھا محسوس ہوتا ہے کیونکہ نیند کے دوران ڈیوائس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس عادت سے وقت کے ساتھ فون کی بیٹری لائف پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

درحقیقت اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بھی یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ رات بھر فون کو چارج کرنے سے گریز کریں۔

ایک کمپنی نے تو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اپنے فون کو زیادہ وقت تک چارجر پر لگا کر نہیں چھوڑیں یا رات بھر چارج نہ کریں۔

کمپنیوں کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ فون کی بیٹری کو 30 سے 70 فیصد کے درمیان چارج کرنے سے بیٹری لائف کو طویل عرصے تک مستحکم رکھنا ممکن ہوتا ہے۔

اب تو بیشتر فونز میں یہ آپشن موجود ہے جس سے صارفین دیکھ سکتے ہیں کہ ان کی بیٹری کتنے فیصد باقی رہ گئی ہے۔

ایپل کے آئی فونز میں تو ایسی بیٹری چارجنگ سیٹنگ بھی موجود ہے جس سے اسے 80 فیصد سے کم چارج کرنا ممکن ہے۔

واضح رہے کہ زیادہ تر اسمارٹ فونز میں lithium-ion بیٹریز کا استعمال کیا جاتا ہے اور وہ وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار ہوتی ہیں۔

اگر آپ بیٹری کو لگ بھگ ختم ہونے کے قریب جا کر چارج کرتے ہیں تو اس پر تناؤ بڑھتا ہے اور ایسا ہی مسلسل چارج کرنے پر بھی ہوتا ہے۔

ہر بار بیٹری کو 100 فیصد چارج کرنے سے بیٹری پر تناؤ بڑھتا ہے، اس کے مقابلے میں 30 سے 70 فیصد چارجنگ پر تناؤ اتنا زیادہ نہیں ہوتا جس سے بیٹری لائف میں طویل المعیاد بنیادوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

بیٹری لائف کو نقصان پہنچنے سے ہٹ کر بھی رات بھر فون کو چارج کرنے سے لوگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، خاص طور پر اگر اس بات کا خیال نہ رکھا جائے کہ ڈیوائس کو کہاں چارج کر رہے ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ چارجنگ کے دوران فون کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور اگر کچھ غلط ہو جائے تو فون پھٹ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فون کو بھی بستر پر تکیے کے نیچے چارج پر لگا کر نہ چھوڑیں کیونکہ کپڑا آگ پکڑ سکتا ہے۔

اس کے مقابلے میں لکڑی یا پتھر کی سطح پر فون کو چارج کرنا بہتر ہے کیونکہ ان میں بیٹری کی حرارت زیادہ جذب نہیں ہوتی۔

تو اگر آپ فون کی بیٹری کو طویل عرصے تک چلانا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ رات بھر چارج کرنے کی عادت چھوڑ دیں۔

مزید خبریں :