Time 17 مئی ، 2023
انٹرٹینمنٹ

سلمان نے مومل کی خواہش پوری کرنے کیلئے کیا کیا؟ جاوید شیخ نے دلچسپ قصہ سنا دیا

حال ہی میں جاوید شیخ نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی خوش اخلاقی اور مزاج کا ایک قصہ سنایا/ فائل فوٹو
حال ہی میں جاوید شیخ نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی خوش اخلاقی اور مزاج کا ایک قصہ سنایا/ فائل فوٹو

پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جاوید شیخ کو ناصرف پاکستانی انڈسٹری بلکہ بالی وڈ انڈسٹری میں بھی جانا جاتا ہے۔

حال ہی میں جاوید شیخ نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی خوش اخلاقی اور مزاج کا ایک قصہ سنایا، پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا 'میں بیٹی مومل کے ہمراہ لندن میں ایک ایوارڈ کی تقریب کے لیے گیا ہوا تھا'۔

جاوید شیخ نے کہا 'مومل نے مجھے بولا کہ بابا میں نے سنا ہے کہ سلمان خان شوٹنگ کے لیے لندن آئے ہوئے ہیں، انہیں فون کریں میں اور میری دوستیں ملنا چاہ رہی ہیں، ہم ان کے بہت بڑے فین ہیں'۔

اداکار نے کہا 'میں نے جواب دیا کہ میں انہیں کبھی فون نہیں کروں گا، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن اتفاق سے دو دن بعد میں ایک مال میں گیا ، وہاں دیکھا تو ایک دکان پر مجھے سلمان خان مل گئے'۔

دوران انٹرویو جاوید شیخ نے بتایا 'میری اس سے ملاقات ہوئی، سلام دعا ہوئی، میں نے پوچھا تم یہاں کب تک ہو؟ جس پر سلمان نے کہا کیوں کیا ہوا؟ میں نے کہا میری بیٹی اور اس کی دوستیں تصویر کھچوانا چاہتی ہیں، سلمان خان نے مجھ سے پوچھا کیا وہ یہاں ہیں؟ جس پر میں نے کہا نہیں وہ ابھی مال میں نہیں ہیں، سلمان نے کہا اچھا انہیں فون کرکے بلالو، میں نے مومل کو فون کیا اور کہا جو تم نے کہا تھا وہ ہوگیا اب آجاؤ'۔

جاوید شیخ نے انکشاف کیا کہ 'جتنی دیر میں مومل اور اس کی دوستیں آئیں اتنی دیر سلمان خان ایک سے دوسری دکان پر جاتے رہے، بیچارا اور پھر جب سب آئے تو انہوں نے تصویر بنوائی'۔

مزید خبریں :