کھیل

شہروز کاشف 14 میں سے 12بلند ترین چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر کوہ پیما بن گئے

21 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 12 چوٹیاں سر کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں/فوٹوفائل
21 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 12 چوٹیاں سر کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں/فوٹوفائل

پاکستان کے کوہ پیما شہروز کاشف  بلند ترین 14 میں سے  12 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ۔

21 سالہ شہروز  8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں،اس سے قبل منگما ڈیوڈ شیرپا نے 30 سال کی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

شہروز کو آخری 2 چوٹیاں سر کرنے کیلئے چین کا سفر کرنا ہوگا

شہروز کاشف نے بلند ترین 14 میں سے 12 چوٹیاں سر کرلی ہیں تاہم  شہروز کو ریکارڈ مکمل کرنے کیلئے چوایو اور شیشاپنگما سر کرنا باقی ہیں،  شہروز کو آخری 2 چوٹیاں سر کرنے کیلئے چین کا سفر کرنا ہوگا۔

برطانیہ کی ایڈری براونلی بھی اس ریکارڈ کی تلاش میں ہیں تاہم وہ شہروز سے ایک سال بڑی ہیں جب کہ انہیں مزید4 چوٹیاں سر کرنا باقی ہیں، یہ ریکارڈ اس وقت نیپال کے منگما ڈیوڈ شیرپا کے پاس ہے جنہوں نے 30 سال کی عمر میں تمام 14 ’’ایٹ تھاوزنڈرز‘‘ سر کیے تھے۔

 آج داولاگیری کو سر کرکے شہروز نے 12 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کیلئے بھی منگما کا یہ ریکارڈ توڑا  ہے ، شہروز نیپال میں واقع 8167 میٹر بلند چوٹی کو سر کرکے وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین ماونٹینیئر بن گئے ہیں۔

داولاگیری سمٹ کیلئے شہروز کاشف نے منگل کی شب پیش قدمی شروع کی اور بدھ کی صبح اس کے بلند ترین مقام تک پہنچ کر یہ سنگ میل عبور کرلیا۔

شہروز اور سرباز دونوں 12، 12 بلند ترین چوٹیاں سر کر چکے 

21 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 12 چوٹیاں سر کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں، ان سے قبل وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز علی خان بھی 12 بلند چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔

شہروز اور سرباز دونوں 12، 12 بلند ترین چوٹیاں سر کر چکے ہیں، شہروز کاشف تمام 14 "ایٹ تھاوزنڈرز" سب سے کم عمر میں سر کرنا چاہتے ہیں ۔

17 سال کی عمر میں براڈ پیک سر کرنے والے شہروز کاشف ’’براڈ بوائے‘‘ 

17 سال کی عمر میں براڈ پیک سر کرنے والے شہروز کاشف ’’براڈ بوائے‘‘ کے نام سے پہچانے جاتے ہیں، وہ کے ٹو اور کنچن جونگا سر کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بھی ہیں۔

شہروز نے 2019 میں براڈ پیک کو سر کرنے کے بعد 2021 میں صرف 19 سال کی عمر میں ماونٹ ایوریسٹ کو سر کیا اور اس پہاڑی کے ٹاپ پر پہنچنے والے کم عمر ترین پاکستانی بھی بن گئے، اسی سال انہوں نے کے ٹو اور مناسلو کو بھی سرکیا ۔

گزشتہ برس انہوں نے کنچنجونگا ، لوٹسے، مکالو، نانگاپربت ،گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو کو سر کیا ، اس سال کے آغاز میں انہوں نے نیپال میں ماؤنٹ اناپورنا کو سر کیا اور اب داولاگیری سر کرکے اپنے ہدف کی جانب اور قدم بڑھایا ہے۔

مزید خبریں :