22 فروری ، 2012
کراچی … کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت اور حادثات سے متعلق جیو نیوز پر خبر نشرہونے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی اور 50 ہیوی گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں صبح 7بجے سے رات 11بجے تک بھاری گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور احکامات کی خلاف ورزی پر جیو نیوز نے خبریں نشر کیں تو کمشنر کراچی کو جوش آیا۔ ڈمپر، ٹریلر، واٹر ٹینکرز اور کنٹینرز سے لدھے ٹرکوں کے خلاف ایکشن لیا گیا اور 50 بدمست ہاتھی تحویل میں لے لیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل سیف الرحمان کے مطابق گاڑیوں کے ڈرائیورز کو حراست میں لے کر کاغذات بھی ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیرحراست افراد کو دفعہ 188 کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے حرکت میں آنے پر عوام نے اطمینان کا اظہار اور یہ کارروائی مستقل بنیاد پر جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔