Time 21 مئی ، 2023
پاکستان

وزیراعلیٰ نے مذاق کیا تھا، میئرکراچی وہی ہوگا جسے پارٹی نامزدکریگی: وقار مہدی

پیپلز  پارٹی سندھ کے  جنرل سیکرٹری  اور  وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سینیٹر  وقار مہدی کا  کہنا ہے کہ میئر کراچی کے اعلان  کے حوالے سے  وزیر اعلیٰ نے مذاق کیا تھا، میئر  وہی ہوگا جسے پارٹی نامزد کرےگی۔

کراچی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سینیٹر  وقار مہدی کا کہنا تھا کہ چھ سات لوگوں نے میئر کراچی کے لیے درخواست جمع کروائی ہے، پارٹی مشاورت کے بعد ہی میئر کراچی کی نامزدگی کا اعلان کیا جائےگا۔

سینیٹر  وقار مہدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے حکومتی اور تنظیمی دھڑوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میئر اسی کمرے میں موجود ہے، پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

دوسری جانب ذرائع کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کےنام کی منظوری بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور  وزیر اعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کے بعد دی گئی ہے۔

تاہم پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی عہدوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر مشاورت تاحال جاری ہے، کسی کا نام فائنل نہیں ہوا۔

مزید خبریں :