25 مئی ، 2023
واٹس ایپ میں حالیہ ہفتوں میں کئی اہم فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
ملٹی ڈیوائسز سپورٹ، چیٹ لاک اور میسج ایڈٹ سمیت کئی فیچرز میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کا حصہ بنے ہیں۔
اب واٹس ایپ میں ایک اور بڑی تبدیلی جا رہی ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے پروفائل سیکشن میں ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے تحت صارفین کو ایک منفرد یوزر نیم منتخب کرنے کا کہا جائے گا۔
اس فیچر کے اضافے سے واٹس ایپ ممکنہ طور پر میٹا کی دیگر ایپس جیسے انسٹاگرام پر صارفین کے باہمی رابطوں کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
تاہم ابھی یہ وااضح نہیں کہ میسجنگ ایپ میں یوزر نیم کس طرح کام کریں گے، مگر بظاہر فون نمبر یا کیو آر کوڈ کی بجائے صارف کے یوزر نیم سے اسے تلاش کرنا ممکن ہو جائے گا۔
یعنی اس سے صارفین کی پرائیویسی میں زیادہ اضافہ ہوگا اور فون نمبر اجنبی افراد کے ہاتھوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔
یوزر نیم کے ذریعے تلاش کرنے پر شروع ہونے والی چیٹ کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی حاصل ہوگا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ابھی اس فیچر کی تصدیق یا متعارف کرانے کی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کی اینڈرائیڈ ایپ کے نیا بیٹا (beta) ورژن میں دیا گیا ہے۔
تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک یوزر نیم کا فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا مگر حالیہ ہفتوں میں اہم فیچرز کے اضافے کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ بہت جلد اسے بھی صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔