16 مئی ، 2023
واٹس ایپ کا حالیہ فیچر بہت سے صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ اب انتہائی نوعیت کی ذاتی چیٹس محفوظ ہوں گی۔
میٹا کے بانی مارک زکر برگ نے پیر کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر واٹس ایپ کے نئے فیچر 'چیٹ لاک' کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ میں لکھا گیا کہ 'کمپنی آپ کے پیغامات کو نجی اور محفوظ رکھنے کے لیے نئے طریقے تلاش کرنے کا جذبہ رکھتی ہے اور آج ہم صارفین کے لیے چیٹ لاک کا نیا اور شاندار فیچر متعارف کرنے لے لیے پُرجوش ہیں'۔
اس فیچر کے تحت صارفین کی تمام چیٹس محفوظ ہوجائیں گی کیونکہ صارف جس چیٹ کو چاہے لاک کرسکے گا، یعنی اس پر پاسورڈ لگادیا جائے گا جس تک رسائی اس صارف کی ہی ممکن ہوگی۔
چیٹ لاک کرنے کی صورت میں واٹس ایپ پر ہی ایک الگ فولڈر بن جائے گا جیسے اس سے قبل 'آرکائیو چیٹ' کا بنتا تھا، چیٹ لاک کے فولڈر میں وہ تمام چیٹس ہوں گی جنہیں صارف نے لاک کیا ہوگا۔
ان چیٹس کے نوٹیفکیشن بھی موبائل اسکرین پر دکھائی نہیں دیں گے۔
بہت دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ موبائل صارف کی فیملی یا دوستوں کے پاس ہوتا ہے، اس صورت میں صارف جس کی مرضی چاہے چیٹ لاک کرکے دوسروں کے حوالے اپنا فون کرسکے گا۔
اس فیچر کو کیسے استعمال کیا جاسکے گا؟
فیچر کو استعمال کرنے کے طریقے سے متعلق واٹس ایپ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کو دیکھتے ہوئے صارفین اس فیچر کو مزید بہتر طریقے سے سمجھ سکیں گے۔