22 فروری ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہاہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جارہا ہے، ملک میں لاقانونیت، مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ میں اضافہ کیا جارہاہے تاکہ پاکستان کو ایک ناکام ریاست اور ایٹمی اثاثوں کو غیر محفوظ قرار دے کر ان پر قبضہ کر لیا جائے۔ وہ منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سید منورحسن نے کہا کہ امریکا ، بھارت اور اسرائیل کا ٹرائیکا باقاعدہ منصوبے کے تحت پاکستان کے ٹکڑے کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے ڈرون حملے رکوانے کی درخواست کرنے کے بجائے پارلیمنٹ اور اے پی سی کی قرار دادوں پر عمل کیا جائے۔ سید منورحسن کا کہنا تھا کہ بھارت کی افغانستان کے راستے بلوچستان میں کھلم کھلا مداخلت کے ثبوت پاکستانی حکام کے پاس موجود ہیں، اس کے باوجود بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کیلئے بے تابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکمران بلوچستان کے عوام کو اعتماد میں لیں وہاں آپریشن بند کر کے مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے اور لاپتا افراد کو بازیاب کیا جائے ۔