پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندے گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ سے پریشان ، اکثر سرپرست غائب ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کے بلدیاتی نمائندے گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ سے پریشانی کا شکار ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بیشتر چیئرمین اپنی ہی پارٹی کے رویے سے نالاں ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی چیمپئن بننے والی پیپلز پارٹی مستقل غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کراچی کے مطابق سندھ پولیس صدر ٹاؤن سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمینوں کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اب تک تین وائس چیئرمینوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے۔ 

ترجمان کے مطابق صدر ٹاؤن سے معذور افراد کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کاغذات کی اسکروٹنی کے لیے ڈی سی آفس میں موجود تھے۔ 

ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی سی ساؤتھ کا دفتر اس وقت پیپلز سیکرٹریٹ بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کی ایما پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ 

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کی سر پرستی کرنے والے پارٹی رہنما غائب ہیں۔بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری کے بعد رہائی کے لیے جماعت اسلامی اور دیگر ذرائع کام آنے لگے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کی اسکروٹنی کے لیے جانے والے نمائندے بھی پریشان ہیں، متعدد بلدیاتی نمائندے پولیس کو جلاؤ گھیراؤ میں مطلوب ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 43 یونین کمیٹیوں کے چئیرمین منتخب ہوئے تھے ،خواتین، نوجوان، معذور اور لیبر کی 19 مخصوص نشستیں بھی پی ٹی آئی کو ملیں۔

مزید خبریں :