28 مئی ، 2023
پاکستان ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے سدا بہار اداکار جاوید شیخ نے ایک مرتبہ پھر شادی کرنے سے متعلق لب کشائی کی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان و اداکار ساجد حسن نے جاوید شیخ سے سوال کیا کہ 'شادی کے بغیر اتنے عرصے رہنا، جتنے عرصے آپ رہے اور رہ رہے ہیں تو یہ ذاتی انتخاب ہے یا آپ کو اب تک کوئی مناسب رشتہ نہیں ملا؟'
جواب میں جاوید شیخ نے کہا 'میری قسمت میں ایسا ہی لکھا تھا، قسمت ہم خود نہیں لکھ سکتے'۔
میزبان نے ایک بار پھر سوال کیا کہ 'کیا آپ اس معاملے (شادی) سے خود کو دستبردار کر چکے ہیں کہ بس اب ممکن نہیں ہے؟'
جاوید شیخ نے کہا 'نو کمنٹس، بات یہیں ختم ہوتی ہے'، یہ کہتے ہوئے اداکار قہقہہ لگا کر ہنس دیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران جاوید شیخ نے بتایا تھا کہ ’میری پہلی شادی زینت منگی سے ہوئی تھی جس سے میرے دو بچے شہزاد شیخ اور مومل شیخ ہیں، زینت سے میری شادی اس وقت ہوئی جب میں فلم 'ڈوبتا کنارہ' کی شوٹنگ کے لیے شارجہ جانے والا تھا'۔
اداکار کے مطابق اسی دوران میری ملاقات زینت سے ہوئی وہ میری فین تھی، ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا تو میں نے شادی کا فیصلہ کرلیا، ہمارا 3 سال کا ساتھ رہا لیکن پھر زینت سے ذہنی ہم آہنگی اور مزاج کا فرق علیحدگی کی وجہ بن گیا، پھر ہماری علیحدگی ہوگئی اس کے بعد میں اچھا خاصاڈسٹرب ہوگیا تھا۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ ’اس کے بعد میں فلم ’ہم اور تم ‘کر رہا تھا تو میرے ساتھ سلمیٰ آغا بھی تھیں اس دوران انہوں نے مجھے خاصا سپورٹ کیا اور اس کے بعد خود مجھے شادی کی آفر کی لیکن یہ شادی بھی میری 3 سال چل سکی، سلمیٰ آغاسے میری کوئی اولاد نہیں ہے، سلمیٰ آغا سے علیحدگی کے بعد میں نے پھر شادی نہیں کی اس کے بعد یہ سوچ کر شادی نہیں کی کہ لوگ میرے متعلق یہ رائے نہ قائم کرلیں کہ میں شادی ہی کرتا رہتا ہوں‘۔