واٹس ایپ میں اسکرین شیئرنگ فیچر کا اضافہ

یہ فیچر ابھی بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب ہے / فوٹو بشکریہ WABetaInfo
یہ فیچر ابھی بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب ہے / فوٹو بشکریہ WABetaInfo

میٹا کی جانب سے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں نئے فیچرز کے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ میں اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایک نیا فیچر اسکرین شیئرنگ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی آزمائش ابھی اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔

یہ فیچر ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارمز جیسے مائیکرو سافٹ ٹیمز اور زوم کی طرح ویڈیو کالز کے دوران اسکرین شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اسکرین شیئر کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ پر اپنے کسی کانٹیکٹ کو کال کرنا ہوگی۔

کال ملانے کے بعد اسکرین پر نیچے بائیں کونے میں اسکرین شیئر کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

اس فیچر سے صارفین اپنے اسمارٹ فون ڈسپلے کو مکمل طور پر دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

البتہ جب اسکرین شیئر کرتے ہوئے واٹس ایپ کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا کہ میسجنگ پلیٹ فارم میں آپ کے کانٹیکٹس کو اسکرین شیئرنگ کے دوران تمام تفصیلات جیسے پاس ورڈز، میسجز، فون نمبر اور دیگر ذاتی تفصیلات تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

اس فیچر سے صارفین رئیل ٹائم میں اہم تفصیلات اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے شیئر کر سکیں گے۔

عموماً اس طرح کا فیچر دفتری امور میں زیادہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور تمام صارفین تک اس کی دستیابی آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں ممکن ہوگی۔

خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے اب واٹس ایپ میں لگ بھگ ہر ہفتے ہی نئے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

حال ہی میں چیٹ لاک، میسج ایڈٹ اور دیگر کئی نئے فیچرز واٹس ایپ کا حصہ بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :