30 مئی ، 2023
واٹس ایپ نے کچھ عرصے قبل ایک اکاؤنٹ کو 4 اسمارٹ فونز میں استعمال کرنے کا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا تھا۔
اب اس فیچر کو ایپل کے آئی فونز استعمال کرنے والے افراد کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔
کمپینن موڈ کے نام سے یہ فیچر واٹس ایپ کے نئے آئی او ایس ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے جو بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کے تحت کمپینن موڈ کو ان ایبل کرنے پر تمام لنکڈ ڈیوائسز پر ایک اکاؤنٹ کام کرنے لگتا ہے۔
ایپل کے ایپ اسٹور پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ایک ہفتے میں تمام آئی فون صارفین کو دستیاب ہوگا۔
درحقیقت اب صارفین اینڈرائیڈ فون پر موجود اپنے اکاؤنٹ کو کسی آئی او ایس ڈیوائس پر بھی بیک وقت استعمال کر سکیں گے۔
اگرچہ آپ جس فون سے دیگر ڈیوائسز پر لاگ ان ہوں گے وہ پرائمری ڈیوائس تصور کی جائے گی، مگر دیگر فونز پر میسجز موصول کرنے یا بھیجنے کے لیے اس فون کو آن رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تاہم اگر پرائمری ڈیوائس 14 دن تک غیر متحرک رہی تو واٹس ایپ کی جانب سے دیگر ڈیوائسز سے بھی اکاؤنٹ کو لاگ آؤٹ کر دیا جائے گا۔
ویسے آپ پرائمری فون کے ذریعے بھی لنکڈ ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ ہو سکتے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے مزید فیچر بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
ان میں سے ایک فیچر GIF آٹو پلے بیک کا ہے جبکہ ایک اور فیچر کے ذریعے واٹس ایپ کالز کو آئی او ایس کیلنڈر سے لنک کرنا ممکن ہوگا۔
صارفین ایپ اسٹور پر جاکر واٹس ایپ کے نئے ورژن کو انسٹال کر سکتے ہیں تاکہ ان فیچرز کو استعمال کر سکیں۔