01 جون ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دورہ امریکا میں قومی زبان اردو سے عملی محبت کا ثبوت دے دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔
بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے دورہ امریکا میں ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام میں شرکت سے قبل ایک تقریب کے شرکا سے اردو میں خطاب کیا جسے مداحوں نے خوب سراہا۔
اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے بہت پُرجوش ہوں، ہم عمر میں اپنے چھوٹے اور بڑے دونوں سے سیکھتے ہیں، سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔
بابر اعظم نے اپنی تقریر میں زور دیا کہ نوجوان خود پر یقین رکھیں اور سیدھے راستے پر چلیں کیونکہ ہم آج کل کسی اور طرف جاتے جا رہے ہیں، بڑے لوگوں کے دیے مشوروں پر سوچنا اور سمجھنا چاہیے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم نے اردو میں یہ خطاب اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا (آئی سی این اے) کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں کیا۔
بابراعظم اورمحمدرضوان ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول کےایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔
دونوں قومی کرکٹرز ہارورڈ یونیورسٹی کےایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے پروفیشنل کرکٹرز ہوں گے، بابر اور رضوان 31 مئی سے 3 جون تک ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔