پاکستان
Time 04 جون ، 2023

میئرکراچی کا معرکہ: مخصوص نشستیں ملنےکے بعد سٹی کونسل میں پارٹی پوزیشن کیا ہے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کی مخصوص نشستوں کا انتخابی عمل مکمل کرکے منتخب  امیدواروں کی فہرست مرتب کرلی۔

ذرائع نے جیونیوز کو بتایا کہ الیکشن کمیشن سندھ حتمی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کرےگا  اورالیکشن کمیشن آف پاکستان امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرےگا۔

اعداد وشمار کے مطابق خواتین کی 34 مخصوص نشستیں پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں جب کہ جماعت اسلامی کو خواتین کی 29 نشستیں ملیں، پی ٹی آئی کو خواتین کی 14، مسلم لیگ ن کو خواتین کی 3  اور جے یو آئی کو  بھی خواتین کی ایک مخصوص نشست ملی۔

 اسی طرح یوتھ کی کیٹیگری میں پیپلزپارٹی کو 5، جماعت اسلامی کو 4، پی ٹی آئی کو 2 اور مسلم لیگ ن کو ایک نشست حاصل ہوئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ لیبر کی کیٹیگری میں پیپلزپارٹی کو 5، جماعت اسلامی کو 4 ، پی ٹی آئی کو 2 جبکہ مسلم لیگ ن کو ایک نشست حاصل ہوئی۔

اقلیت کی کیٹیگری میں پیپلزپارٹی کو 5 ،جماعت اسلامی کو 4، تحریک انصاف کو 2 جب کہ مسلم لیگ ن کو ایک نشست ملی۔

معذوروں اور خواجہ سرا کی کیٹیگری میں پیپلزپارٹی کو 2 اور جماعت اسلامی کو بھی 2 نشستیں حاصل ہوئیں۔

مخصوص نشستیں ملنےکے بعد پیپلزپارٹی کی مخصوص نشستوں کے ساتھ کے ایم سی میں 155نشستیں ہوگئی ہیں،جماعت اسلامی کی 130، تحریک انصاف کی 62، مسلم لیگ ن کی 14 نشستیں ہیں جب کہ جے یو آئی کی 4 اور  ٹی ایل پی کی ایک نشست ہے۔

واضح رہےکہ کے ایم سی کے367 میں سے 366 کے ایوان کا انتخاب مکمل ہوگیاہے جب کہ ایک یوسی چیئرمین کی نشست کا معاملہ عدالت میں ہے۔

خیال رہے کہ میئر کراچی کے لیے 179 ووٹ کی سادہ اکثریت درکار ہے جو کہ کسی پارٹٰ کے پاس نہیں اور اتحاد کے بغیرکوئی بھی پارٹی تنہا حیثیت میں میئر نہیں لاسکتی۔

مزید خبریں :