04 جون ، 2023
نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل کو نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کو 3 سال کی لیز پر دے دیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ روز ویلٹ ہوٹل لینڈ مارکنگ کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے، اب ہوٹل کی عمر 100 سال سے زائد ہو گئی ہے، روز ویلٹ ہوٹل کو لیز پر دینے سے پاکستان کے خزانے میں پیسے آنے لگے ہیں، قیمتی ترین اثاثہ محفوظ کرکے کمائی والی جگہ بنادی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سخت پریشان تھےکیونکہ روز ویلٹ ہوٹل کی لینڈ مارکنگ کا خطرہ تھا، معاہدے کے تحت ہوٹل ملازمین کو فارغ کیاجائےگا، 77 باقی رہ جائیں گے، روز ویلٹ ہوٹل کے بکنے کی کہانیاں ختم ہوگئیں، روزویلٹ ہوٹل کی لیز کے معاہدے سے 220 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی، روز ویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو لیز پر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے سال روز ویلٹ ہوٹل کےکمرے کا کرایہ 202 ڈالر ہوگا، دوسرے سال 205 اور تیسرے سال ہوٹل کے کمرےکا کرایہ 210 ڈالر ہوگا، ہوٹل سے آمدنی شروع ہوگئی،18دن میں 600 کمرےدے بھی دیے، اگلے تیس دن میں ہوٹل کے تمام کمرے نیویارک سٹی انتظامیہ کو دےدیں گے، نیویارک سٹی انتظامیہ ہوٹل کے کمروں میں امیگرینٹس کو رکھےگی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کراچی ،لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، سب سے پہلے اسلام آباد ہوٹل کی آؤٹ سورسنگ کی جائےگی، دنیا کے بیشتر ائیرپورٹس آؤٹ سورس ہیں ، پاکستان میں آؤٹ سورسنگ کا تجربہ کسی کو نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی حالت بدلنی پڑےگی، پرائیوٹ سیکٹر کو بیچ میں لانا پڑےگا، پی آئی اے میں کوئی بے روزگار نہیں ہوگا۔