06 جون ، 2023
سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں بھارت کے پاکستان آنے کے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی مسترد کرنے پر بھارت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
نجی میڈیا چینل پر گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی ایشیا کپ کے حوالے سے اور کیا کرسکتا ہے، اب ہر بورڈ کو یہ سوچنا چاہیے کہ ایسا وقت کسی بھی ملک کے کرکٹ بورڈ پر آسکتا ہے، پی سی بی نے ہمیشہ ہر بورڈ کو سپورٹ کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش ، سری لنکا افغانستان بورڈ کو سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جماعت شیوسینا کے صدر اور بانی بال ٹھاکرے ہمیں بھارت سے دھمکیاں دیتے تھے لیکن اس سب کے باوجود پاکستان حکومت نے ٹیم کو بھیجنے سے انکار نہیں کیا اور پاکستان ٹیم بھارت گئی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی سے کوئی اچھی امید نہیں رکھی جاسکتی اور جے شاہ مودی کو خوش کرنے کیلئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں لیکن میں ہمیشہ کہتاہوں کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔