Time 09 جون ، 2023
پاکستان

پنجاب کی نگران حکومت اور ینگ ڈاکٹرز میں مذاکرات کامیاب

ہیلتھ پروٹیکشن بل کو منظوری کے لیے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا: نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم/ فائل فوٹو
ہیلتھ پروٹیکشن بل کو منظوری کے لیے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا: نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم/ فائل فوٹو

لاہور: پنجاب کی نگران حکومت اور ینگ ڈاکٹرز میں مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں نگران وزیراطلاعات عامر میر اور وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرزکے نمائندوں نے کہا کہ ہیلتھ پروٹیکشن بل کے نفاذ اور اسپتالوں میں سکیورٹی سمیت ان کے دیگر مطالبات مان لیے گئے ہیں، اس لیے وہ ہڑتال ختم کررہے ہیں۔

نگران وزیراطلاعات عامر میر نے کہا کہ چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

اس موقع پر نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں اے ایس ایف کی طرز پر سکیورٹی فورس بنارہے ہیں اور چلڈرن اسپتال میں 19 مقامات پر سکیورٹی کی خامیاں ہیں جنہیں دور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروٹیکشن بل کو منظوری کے لیے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں 8 روز سے کام بند کر رکھا تھا۔

مزید خبریں :