13 جون ، 2023
کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔
اب ماہرین نے کینسر کے بہت تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے موٹاپا۔
یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
سوئیڈن کی Uppsala یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے سے خواتین میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں موٹاپے اور کینسر کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ مردوں اور خواتین میں خطرے کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کے جمع ہونے کا عمل کینسر کے خطرے میں کردار ادا کرتا ہے، مگر خطرے کی شرح مردوں یا خواتین میں مختلف ہو سکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس تحقیق کا مقصد جسم میں چربی کے اجتماع اور کینسر کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالنا تھا اور ہم نے دریافت کیا کہ جنس، جسمانی چربی کی مقدار اور دیگر عوامل دونوں صنفوں میں بیماری کے خطرے کی شرح پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کا اجتماع کینسر کا خطرہ بڑھانے والا اہم پہلو ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹ اور کمر کے اردگرد چربی کی مقدار بڑھنے سے کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 37 سے 73 سال کی عمر کے 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 13 سال تک لیا گیا جس کے دوران جسمانی چربی کی مقدار اور کینسر کی تشخیص کی شرح کا موازنہ بھی کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کینسر کی لگ بھگ تمام اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ موٹاپے کے باعث بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود تھی اور اس حوالے سے مزید تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل مئی 2023 میں سوئیڈن کی ہی لیونڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موٹاپا چاہے میٹابولک صحت کو نقصان پہنچائے یا نہ پہنچائے، مگر جسمانی وزن بڑھنے سے کینسر کی متعدد اقسام کا خطرہ ضرور بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں چربی کی مقدار بڑھنے سے کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے لگ بھگ 8 لاکھ افراد کے جسمانی وزن اور میٹابولک صحت کا جائزہ لیا گیا۔
ان افراد کو موٹاپے کی مختلف اقسام کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
نتائج سے دریافت ہوا کہ موٹاپے کی نقصان دہ اقسام سے لبلبے، جگر، پِتے، گردے اور معدے سے جڑے اعضا کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ایسے افراد میں جگر اور گردے کے کینسر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں ڈھائی سے 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
اس کے مقابلے میں موٹاپے کی صحت مند اقسام سے گردوں، colon اور دیگر اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ میں شائع ہوئے۔