13 جون ، 2023
ٹیکساس میں گلف آف میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں اچانک سے لاکھوں مردہ مچھلیاں نمودار ہو گئیں، ساحل سمندر مردہ مچھلیوں سے بھر گئے۔
ساحلوں پر مردہ مچھلیاں نمودار ہونے کے بعد انتظامیہ نے سیاحوں کیلئے انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں ساحلوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایات جاری کردی۔
کوئینٹانا بیچ کاؤنٹی پارک کے حکام کے مطابق ٹیکساس کی برازوریا کاؤنٹی کی 64 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی، گلف آف میکسیکو میں سمندری لہروں کے ذریعے آنے والی، لاکھوں مردہ مچھلیوں سے بھر گئی ہے۔
ٹیکساس پارکس اینڈ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے تھا کہ پانی میں آکسیجن کی سطح کم ہونے کے بعد دم گھٹنے کے باعث بڑے پیمانے پر مچھلیوں کی ہلاکت ہوئی ہے، گرمیوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے بڑی تعداد میں مچھلیوں کے مرنے کی صورتحال پیدا ہونا عام بات ہے۔
حالانکہ تاحال کسی نے بھی واقعے کو کلائمٹ چینج کے سے نہیں جوڑا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے زمینی ماحول کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جائے گا یورپ اور امریکا کی جھیلوں اور سمندروں میں آکسیجن کی سطح کم ہوتی جائے گی جس سے اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ پانی میں آکسیجن ڈیزالوڈ لیول میں اضافہ فوٹوسنتھیسز کے عمل کے ذریعے ہوتا ہے، بلکل اسی طرح جیسے پودے سورج کی روشنی سے توانائی حاصل کرتے ہیں۔