14 جون ، 2023
واٹس ایپ کی جانب سے نئے فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے حال ہی میں میسجز کو ایڈٹ کرنے، چیٹ لاک اور چینلز سمیت دیگر کئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اب واٹس ایپ میں ایک ایسے نئے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو اس میسجنگ پلیٹ فارم میں پہلے موجود نہیں تھا اور صارفین کو یقیناً بہت زیادہ پسند آئے گا۔
اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ میں ویڈیو میسج بھیجنے کے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارفین 60 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو ریکارڈ کرکے میسج کے طور پر اپنے دوستوں کو بھیج سکیں گے، بالکل اسی طرح جیسے آڈیو میسج بھیجا جاتا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق ویڈیو میسج بھیجنے کا فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژنز میں موجود ہے۔
آئی او ایس کی بیٹا ورژن 23.6.0.73 اور اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.23.8.19 میں یہ نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویڈیو میسجز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، یعنی بھیجنے اور موصول کرنے والے کے علاوہ کسی کے لیے اس ویڈیو میسج تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ویڈیو میسج کو فارورڈ نہیں کیا جاسکے گا مگر اسکرین ریکارڈنگ کے ذریعے فون میں محفوظ کرنا ممکن ہوگا۔
اگر آپ واٹس ایپ بیٹا ورژن استعمال کر رہے ہیں تو اس فیچر کو استعمال کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے بس کسی بھی چیٹ کو اوپن کرکے مائیکرو فون بٹن کو کلک کریں، جیسے آڈیو میسج ریکارڈ کرنے کے لیے کرتے ہیں۔
اگر آپ کے پاس یہ فیچر دستیاب ہوگا تو مائیکرو فون بٹن ویڈیو کیمرا بٹن میں تبدیل ہوچکا ہوگا۔
اس پر کلک کرکے ویڈیو میسج ریکارڈ کریں اور دوستوں یا رشتے داروں کو بھیج دیں۔
مگر فی الحال یہ ویڈیو میسج ان صارفین کو ہی بھیجنا ممکن ہے جن کے پاس آئی او ایس یا اینڈرائیڈ ڈیوائس پر واٹس ایپ کا نیا بیٹا ورژن موجود ہوگا۔
ابھی چونکہ یہ فیچر بیٹا ورژن میں موجود ہے تو عام صارفین کو اس تک رسائی کے لیے چند ہفتوں یا مہینوں تک انتظار کرنا ہوگا۔