کسی کی ٹانگیں کھینچنے کا کام نہیں کرتا، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد اپنے کچھ دوستوں سے ملنے کیلئے آیا تھا اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ رابطے کی کوشش بھی کرتا رہا: سابق وزیر خزانہ/ فائل فوٹو
اسلام آباد اپنے کچھ دوستوں سے ملنے کیلئے آیا تھا اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ رابطے کی کوشش بھی کرتا رہا: سابق وزیر خزانہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی کی ٹانگیں کھینچنے کا کام نہیں کرتے بلکہ سچ اور صرف سچ بولتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی واپس جاتے ہوئے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا اشارہ وزیراعظم کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے کہا تھا جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں ان کی (ن) لیگ میں کوئی جگہ نہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ اسلام آباد اپنے کچھ دوستوں سے ملنے کیلئے آئے تھے اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ رابطے کی کوشش بھی کرتے رہے ۔

اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے کے وزیراعظم کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا اور ان کا اشارہ کس جانب ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا (ن) لیگ سے راہیں الگ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

مفتاح اسماعیل کی جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو

گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں اسحاق ڈار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے کے حوالے سے جیو پولیٹکس کی ایجاد گزشتہ سال ستمبر میں نہیں ہوئی، یہ تو ہمیشہ سے ہوتی آرہی ہے لہٰذا پہلے وزارت خزانہ فیصلہ کر لےکہ ہم نے آئی ایم ایف پروگرام کرنا ہے یا نہیں

مفتاح کے بیانات پر خواجہ آصف نے کیا کہا؟

ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا جماعتوں پر اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں آکر اپنا مؤقف رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا تھا، میری بہت سی باتیں پارٹی تسلیم نہیں کرتی، ان کو دل سے نہیں لگانا چاہیے۔

مزید خبریں :