Geo News
Geo News

Time 18 جون ، 2023
کھیل

آئی پی ایل:گراؤنڈ میں کوہلی،گمبھیر اور نوین کا جھگڑا، افغان کرکٹر نے حقیقت بتادی

جو کھلاڑی وہاں موجود تھے، وہ جانتے ہیں کہ میں نے اس صورتحال کا کیسے سامنا کیا، جب میں بیٹنگ کررہا تھا یا میچ کے بعد بھی میں نے اپنے غصے پر قابو رکھا: نوین__فوٹو: فائل
جو کھلاڑی وہاں موجود تھے، وہ جانتے ہیں کہ میں نے اس صورتحال کا کیسے سامنا کیا، جب میں بیٹنگ کررہا تھا یا میچ کے بعد بھی میں نے اپنے غصے پر قابو رکھا: نوین__فوٹو: فائل

افغانستان کے بولر نوین الحق نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں گراؤنڈ میں اپنی اور گوتم گمبھیر کی مقابل ٹیم کے کرکٹر ویرات کوہلی سے تلخ کلامی کی اصل حقیقت بتادی۔

حال ہی میں بی بی سی پشتو کو دیے گئے انٹرویو میں نوین سے یکم مئی کو  لکھنؤ سپر جائنٹس اور  رائل چیلنجرز بنگلور کے میچ کے بعد پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے سے متعلق پوچھا گیا۔

نوین نے بتایا 'انہیں (کوہلی) کو وہ سب باتیں میچ کے دوران یا اس کے بعد نہیں کہنی چاہئیں تھیں، میں نے لڑائی شروع نہیں کی تھی، میچ کے بعد جب ہم مصافحہ کر رہے تھے تو ویرات کوہلی نے کچھ باتیں کہہ کر لڑائی شروع کر دی'۔

افغان بولر نے انٹرویو کے دوران کہا 'میں صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں عام طور پر کسی کھلاڑی پر جملے نہیں کستا  اور اگر میں ایسا کروں تو بھی میں بلے بازوں سے صرف اس وقت کہوں گا جب میں بولنگ کر رہا ہوں کیونکہ میں ایک بولر ہوں، اس میچ میں میں نے ایک لفظ نہیں کہا، نہ میں نے کسی کو بھڑکایا یا تاؤ دلایا'۔

نوین نے مزید کہا 'جو کھلاڑی وہاں موجود تھے، وہ جانتے ہیں کہ میں نے اس صورتحال کا کیسے سامنا کیا، جب میں بیٹنگ کر رہا تھا یا میچ کے بعد بھی میں نے اپنے غصے پر قابو رکھا، میچ کے بعد میں نے جو کیا وہ سب دیکھ سکتے ہیں، میں کوہلی سے ہاتھ ملا رہا تھا کہ اس نے میرا ہاتھ زبردستی اور سختی سے پکڑا، میں بھی انسان ہوں، میں نے ردعمل دیا'۔

تاہم اسی جھگڑے کے درمیان گوتم گمبھیر آئے جن سے کوہلی کی تلخ کلامی ہوگئی، بعدازاں  تینوں کوہلی، نوین اور گمبھیر پر جرمانہ عائد کیا گیا، کوہلی پر پوری میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ نوین پر صرف نصف جرمانہ عائد کیا گیا۔

معاملہ کیا تھا؟

یکم مئی کو میچ کے دوران لکھنؤ سپر جائنٹس کے افغان کرکٹر نوین الحق اور گوتم گمبھیر کی ویرات کوہلی سے شدید تلخ کلامی ہوگئی تھی جس کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو بیچ بچاؤ کروانا پڑا۔

میچ میں لکھنؤ کے بیٹر نوین الحق اور بنگلور کے فیلڈر ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی تھی تاہم امپائر اور ساتھی بیٹر بیچ میں آگئے، یہ لفظی جنگ یہاں ختم نہیں ہوئی۔

اس میچ میں جیسے ہی رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنؤ کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔

یہاں بھی بات ختم نہیں ہوئی، نوین الحق کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ بیٹھے۔

میچ ختم ہونے کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے بیٹر کائل میئرز کوہلی سے گفتگو کررہے تھے کہ گمبھیر نے اچانک انہیں پیچھے کھینچا اور کوہلی سے بات کرنے سے روک دیا۔

ایسے میں بظاہر کوہلی کی جانب سے جملے کسے گئے تو گوتم گمبھیر بھی غصے میں آگئے اور ویرات کوہلی سے تلخ کلامی کرنے لگے تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کروایا۔

مزید خبریں :