سال کے طویل ترین دن کے یہ دلچسپ حقائق جانتے ہیں؟

21 جون سال کا طویل ترین دن ہے / رائٹرز فوٹو
21 جون سال کا طویل ترین دن ہے / رائٹرز فوٹو

کیا آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان سمیت شمالی نصف کرے میں آج سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہے؟

سال کے طویل ترین دن کو خط سرطان یا Summer Solstice کہا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ اس کے بعد موسم گرما کا حقیقی آغاز ہوتا ہے اور اس حوالے سے مختلف رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں۔

خط سرطان سے مراد زمین کی وہ کیفیت ہے جب قطب شمالی سورج کی جانب جھکا ہوتا ہے اور سورج خط استوا سے سب سے زیادہ دور ہوتا ہے۔

اس کے نتیجے میں زمین پر شمالی نصف کرے میں سال کا طویل ترین دن (وہ دن جب سورج کی روشنی کا دورانیہ سب سے زیادہ ہوتا ہے) اور مختصر ترین رات ہوتی ہے۔

پاکستان میں سورج کی خط استوا سے سب سے زیادہ دوری کا وقت شام 7 بج کر 57 منٹ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سال کا طویل ترین دن بدلتا رہتا ہے، جیسے 2023 تک 21 جون کو ایسا ہوگا مگر 2024 اور 2025 میں 22 جون طویل ترین دن ہوگا۔

22 جون کے بعد دن کے دورانیے میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی اور دسمبر کے تیسرے عشرے میں شمالی نصف کرے میں سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی۔

اس موقع پر زمین کی پوزیشن ایسی ہوتی ہے / فوٹو بشکریہ ٹائم اینڈ ڈیٹ
اس موقع پر زمین کی پوزیشن ایسی ہوتی ہے / فوٹو بشکریہ ٹائم اینڈ ڈیٹ

سال کے طویل ترین دن کے موقع پر پاکستان میں دن کا دورانیہ مقامات کے لحاظ سے 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

دنیا میں سب سے طویل دن امریکی ریاست الاسکا کے وسطی حصے میں ہوگا جہاں دن کی روشنی کا دورانیہ 21 گھنٹے سے زائد ہوگا۔

دوسری جانب جنوبی نصف کرے میں آج سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی اور وہاں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

قطب جنوبی کے مرکزی مقام یعنی براعظم انٹار کٹیکا میں آج کل24 گھنٹے تاریکی کا راج ہے۔

کچھ دلچسپ حقائق

کچھ ممالک میں اس حوالے سے دلچسپ روایات منائی جاتی ہیں / رائٹرز فوٹو
کچھ ممالک میں اس حوالے سے دلچسپ روایات منائی جاتی ہیں / رائٹرز فوٹو

کچھ ممالک میں اس حوالے سے دلچسپ روایات بھی موجود ہیں۔

یورپی ملک سوئیڈن میں اسے مڈ سمر کہا جاتا ہے اور ہمیشہ جمعے کو منایا جاتا ہے یعنی وہاں سال کا طویل ترین دن 23 جون کو قرار دیا جائے گا۔

اس موقع پر وہاں میلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔

برطانیہ کے تاریخی مقام اسٹون ہینج میں بھی اس موقع پر لوگ جمع ہوتے ہیں اور مختلف سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں۔

اسٹون ہینج میں لوگ جمع ہوتے ہیں / رائٹرز فوٹو
اسٹون ہینج میں لوگ جمع ہوتے ہیں / رائٹرز فوٹو 

خط سرطان کو زرخیری سے بھی منسلک کیا جاتا ہے کیونکہ اس عرصے میں فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر سورج خط سرطان کے اوپر ہوتا ہے اور چند روز تک دن کے وقت ایک پوزیشن میں نظر آتا ہے، سال کے باقی حصے میں سورج کی پوزیشن بدلتی رہتی ہے۔

قدیم مصر میں اس موقع پر نئے سال کا آغاز ہوتا تھا۔

اس موقع پر زمین سورج سے سب سے زیادہ دور ہوتی ہے / رائٹرز فوٹو
اس موقع پر زمین سورج سے سب سے زیادہ دور ہوتی ہے / رائٹرز فوٹو

اگر آپ کا خیال ہے کہ موسم گرما میں طویل ترین دن کا مطلب یہ ہے کہ زمین سورج کے قریب ہے تو یہ غلط ہے، درحقیقت اس موقع پر زمین سورج سے سب سے زیادہ دور ہوتی ہے جبکہ سردیوں میں قریب ترین ہوتی ہے۔

موسم گرما کے درجہ حرارت میں اضافہ زمین کے محور کے جھکاؤ کا نتیجہ ہوتا ہے، اس کا سورج کے قریب یا دور ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید خبریں :