21 جون ، 2023
وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ایپکس کمیٹی قائم کردی گئی۔
کمیٹی میں خزانہ، دفاع، منصوبہ بندی، دفاعی پیداوار کے وزرا، پیٹرولیم کے وزیرِ مملکت، آرمی چیف اور دیگر عسکری حکام شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی شامل ہوں گے۔
معاشی بحالی کیلئے قائم ایپکس کمیٹی بیرونی سرمایہ کاری پر فریم ورک تیار کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار کرلیا گیا اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی گئی ہے، یہ کونسل غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کی معاشی بحالی کے قومی پلان کا مقصد ملک کو موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے، پلان کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جائے گی، زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، کان کنی، آئی ٹی اور توانائی جیسے شعبوں کی صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔