Time 22 جون ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک اور مارک زکربرگ ایک دوسرے سے کیج فائٹ لڑنے کیلئے تیار

ایلون مسک اور مارک زکربرگ / فائل فوٹوز
ایلون مسک اور مارک زکربرگ / فائل فوٹوز

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے کیے جانے والے کیج فائٹ (جنگلے کے اندر لڑائی) کا چیلنج میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے قبول کرلیا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے بظاہر مذاق میں مارک زکربرگ کو فائٹ کا چیلنج کیا تھا۔

انہوں نے یہ چیلنج اس وقت کیا جب صارف کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر جیسی ایپ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس صارف نے یہ ٹوئٹر کے مالک کو بتایا کہ مارک زکربرگ اب جوجسٹو کے ماہر بن چکے ہیں، جس پر ایلون مسک نے کہا کہ 'اگر وہ تیار ہوں تو میں کیج میچ کے لیے تیار ہوں'۔

اس ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ مارک زکربرگ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اس کے نیچے لکھا کہ 'مجھے لوکیشن بھیجیں'۔

میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق انسٹاگرام اسٹوری خود حقیقت بتا رہی ہے اور اب گیند ایلون مسک کی کورٹ میں ہے۔

مارک زکربرگ کی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے آخر میں یہ لکھا / اسکرین شاٹ
مارک زکربرگ کی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے آخر میں یہ لکھا / اسکرین شاٹ

مارک زکربرگ کے اس جواب پر ایلون مسک نے اپنا ردعمل ایک ٹوئٹ میں کرتے ہوئے ' Vegas Octagon ' لکھا۔

خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر جیسے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی تیاری پر کئی ماہ سے کام کیا جا رہا ہے۔

اس ایپ کو ابھی پراجیکٹ 92 کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔

یہ ایپ انسٹاگرام پر مبنی ہے اور اسے ایکٹیویٹی پب نامی ڈی سینٹرلائزڈ سوشل میڈیا پروٹوکول سے منسلک کیا جائے گا۔

میٹا کی ایک میٹنگ کے دوران کمپنی کے چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوس نے اس نئی ایپ کی تفصیلات بتائیں۔

کرس کوس نے بتایا کہ ہم نے اس طرح کے پلیٹ فارم میں دلچسپی رکھنے والے کریٹیرز اور عوامی شخصیات کی رائے سنی ہے اور وہ ہماری سروس پر اعتماد اور انحصار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مقصد اس ایپ کو استعمال کے لیے آسان بنانا ہے جبکہ صارفین کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔

مزید خبریں :