23 جون ، 2023
اسپین کے کینری جزیرے میں تارکین وطن کی ڈوبنے والی کشتی میں سوار سیکڑوں مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
برطانوی خبررساں ادارے ( بی بی سی ) کی رپورٹ کے مطابق کشتی حادثے میں 30 افراد کی ہلاکت کا خدشہ رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے گزشتہ روز کینری جزیرے سے 227 تارکین وطن کو ریسکیو کرلیا۔
کوسٹ گارڈ حکام کا بتانا ہےکہ تارکین وطن جزیرہ لینزاروٹ اور گرین کینیریا جزیرے پر کشتیوں میں سفر کر رہے تھے۔
ایمرجنسی سروس کے مطابق ریسکیو کیے گئے افراد میں سے متعدد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تارکین وطن پر نظر رکھنے والی دو تنظیموں الارم فون اور واکنگ بارڈ نے اسپین کے کینری جزیرے پر تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آنے کی اطلاع دی تھی جس میں 30 سے زائد تارکین وطن کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
واکنگ بارڈر کے ترجمان ہیلینا میلینو نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ اسپین کے قریب کشتی حادثے میں 39 افراد ڈوب گئے۔