Time 27 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

اریجیت سنگھ نے پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ کا ری میک کیوں گایا؟

مداحوں نے پروڈیوسرز اور گلوکار اریجیت سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اوریجنل گانے کو خراب کرنے کا الزام لگایا ہے— فوٹو: فائل
مداحوں نے پروڈیوسرز اور گلوکار اریجیت سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اوریجنل گانے کو خراب کرنے کا الزام لگایا ہے— فوٹو: فائل

بالی وڈ فلم 'ستیہ پریم کی کتھا'  میں پاکستانی گانے 'پسوڑی' کا ری میک شامل کرنے پر شدید تنقید کی جارہی ہے، مداحوں نے پروڈیوسرز اور گلوکار اریجیت سنگھ کو آڑے ہاتھوں  لیا ہے اور اوریجنل گانے کو خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اسی اثناء میں گلوکار اریجیت سنگھ کا مبینہ طور پر ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے۔ اریجیت، جنہوں نے ری میک گانا گایا ہے، نے ایک غیر تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ردعمل ظاہر کیا اور گانے کو دوبارہ بنانے کے پیچھے اصل وجہ بتائی۔

اریجیت سنگھ کے اس مبینہ ٹوئٹر ہینڈل سے اصل گانے کے گلوکار علی سیٹھی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا گیا کہ 'آپ حیرت انگیز ہیں۔ کاش آپ اس میں ہمارے ساتھ شامل ہوتے یا اس سے بھی بہتر آپ اسے فلم کے لیے گا سکتے۔‘

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ایک صارف نے پوچھا کہ اگر وہ ایسا محسوس کرتے ہیں تو اس نے گانے کو مسترد کیوں نہیں کیا؟ تو اس اکاؤنٹ سے جواب دیا گیا کہ ، 'گانا بنانے والوں نے مجھ سے ضرورت مندوں کے ایک اسکول کیلئے سالانہ فنڈ دینے کا وعدہ کیا تھا، یہ زیادہ اہم ہے، تھوڑی گالی کھا لیں گے۔‘

اگرچہ اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کے اریجیت سنگھ کا آفیشل اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق نہیں کی جا سکی  البتہ اداکار آیوشمان کھرانہ، کپل شرما، ارمان ملک اور دیگر بڑے فنکار اسے فالو کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کے اس خیال کو تقویت مل رہی ہے کہ یہ واقعی اریجیت سنگھ کا آفیشل اکاؤنٹ ہے۔ اس  ٹوئٹر ہینڈل کے  107.8 ہزار  سے زیادہ فالوورز  ہیں۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ اریجیت سنگھ کا ہے یا نہیں اس حوالے سے جب تحقیق کی گئی تو ایک اور اکاؤنٹ سامنے آیا جو اریجیت سنگھ کے نام سے ہے اور اس کے فالوورز کی تعداد 103.8 ہزار سے زائد تھی۔

مزید تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ اریجیت سنگھ کا انسٹاگرام پر جو تصدیق شدہ آفیشل اکاؤنٹ ہے اس کے فالوورز کی تعداد 8.1 ملین ہے جبکہ اس کے مقابلے میں دونوں ٹوئٹر اکاؤنٹس میں فالوورز کی تعداد کافی کم ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اریجیت کے  انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بائیو میں جس فلاحی تنظیم کا لنک دیا گیا ہے جب اس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزٹ کیا تو  معلوم ہوا کہ اس کی جانب سے صرف ایک ہی اکاؤنٹ کو فالو کیا گیا ہے اور وہ  اریجیت سنگھ کے نام سے ہے نہ کہ whoami کے نام سے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایک اور بات جو سامنے آئی وہ یہ کہ اریجیت سنگھ کے نام سے موجود ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا جانے والا مواد انسٹاگرام پر اریجیت سنگھ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری مواد سے ملتا جلتا ہے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ اریجیت سنگھ کے نام سے موجود ٹوئٹر اکاؤنٹ اصلی ہے اور whoami کے نام سے بنایا جانے والا اکاؤنٹ کوئی اور آپریٹ کر رہا ہے۔ whoami کی طرح اریجیت سنگھ کے نام سے موجود اکاؤنٹ کو بھی شریا گھوشال اور ارمان ملک کی جانب سے فالو کیا جا رہا ہے۔ 

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

تحقیق میں سامنے آنے والی معلومات اس جانب اشارہ کرتی ہیں کہ اریجیت سنگھ ٹوئٹر پر زیادہ فعال نہیں ہیں اور ممکنہ طور پر اریجیت سنگھ کے نام سے جو اکاؤنٹ ہے وہی گلوکار کا آفیشل اکاؤنٹ ہے۔

مزید خبریں :