Time 04 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک نے 'ٹوئٹ ڈیک' کے استعمال کیلئے شرط عائد کردی

زیادہ تر ٹوئٹ ڈیک کا استعمال نیوز آرگنائزیشنز اور کاروباری اداروں میں مواد کی جانچ کے لیے ہوتا ہے__فوٹو: رائٹرز/فائل
زیادہ تر ٹوئٹ ڈیک کا استعمال نیوز آرگنائزیشنز اور کاروباری اداروں میں مواد کی جانچ کے لیے ہوتا ہے__فوٹو: رائٹرز/فائل

سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹ ڈیک کے استعمال کو مشروط کردیا ہے۔

منگل کو ٹوئٹر پر  کمپنی کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں بتایا گیا کہ اب وہ ہی صارف ٹوئٹ ڈیک استعمال کرسکے گا جس کا اپنا اکاؤنٹ ویریفائیڈ ہوگا، یعنی وہ صارفین جو ٹوئٹر کی فیس ادا نہیں کرتے وہ ٹوئٹ ڈیک تک بھی رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ٹوئٹ ڈیک کا نیا ورژن متعارف کرایا جاچکا ہے جس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جب کہ صارفین کے لیے ٹوئٹ ڈیک تک رسائی کے لیے 30 دن میں ویریفائیڈ ہونے کا کہا گیا ہے۔

نئے اور بہتر ورژن تک رسائی حاصل کرنے کے لیے صارفین کو (https://tweetdeck.twitter.com) یو آر ایل استعمال کرنا ہوگا اور نیچے بائیں جانب دیے گئے مینو میں سے ’ نئے ٹوئٹ ڈیک کو آزمائیں ‘ کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔

اس کے بعد پرانے ورژن میں محفوظ کیے گئے سرچز ، فہرستیں اور کالمز وغیرہ نئے ورژن میں باآسانی کسی پریشانی کے بغیر منتقل ہوجائیں گے۔

ٹوئٹ ڈیک پہلے مفت تھا لیکن اب اس کے لیے بھی فیس ادا کرنی پڑے گی، خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹوئٹ ڈیک کے لیے چارچز ٹوئٹر کے لیے ریونیو بڑھانے کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد سے اشتہارات سے ریوینیو بڑھانے اور آمدنی برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

اس سے کچھ روز قبل ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر  کے تصدیق شدہ اور غیرتصدیق شدہ صارفین روزانہ محدود تعداد میں پوسٹس پڑھ سکیں گے، یعنی پہلے ٹوئٹر صارفین جتنی چاہے ٹوئٹ پڑھ سکتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

ایلون مسک کے مطابق تصدیق شدہ اکاؤنٹس یومیہ چھ ہزار پوسٹس پڑھ سکیں گے جب کہ غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس روزانہ صرف 600 پوسٹس پڑھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ نئے ان ویریفائڈ اکاؤنٹس کے لیے یہ روزانہ حد 300 پوسٹس تک ہے۔

ٹوئٹر صارفین تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے کتنے پیسے ادا کرتے ہیں؟

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرنے کے لیے آٹھ ڈالر ماہانہ جب کہ آرگنائزیشنز کو ایک ہزار ڈالر ماہانہ ادا کرنے ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ زیادہ تر ٹوئٹ ڈیک کا استعمال نیوز آرگنائزیشنز اور کاروباری اداروں میں مواد کی جانچ کے لیے ہوتا ہے۔

مزید خبریں :