انزائٹی اور ڈپریشن جیسے امراض کا شکار بنانے والی حیرت انگیز وجہ دریافت

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

انزائٹی اور ڈپریشن ایسے امراض ہیں جو موجودہ عہد میں بہت زیادہ عام ہو رہے ہیں اور اب اس کی ایک اہم وجہ دریافت ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا ایپس پر بے مقصد اسکرولنگ کرنے کی عادت انزائٹی، ڈپریشن اور تناؤ جیسے امراض کا شکار بنا سکتی ہے۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل Behaviour & Information Technology میں شائع تحقیق میں 18 سے 34 سال کی عمر کے 288 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ یہ افراد سوشل میڈیا کو کس طرح استعمال کرتے ہیں اور اس سے ذہنی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے دوران 3 اقسام کے صارفین کو دریافت کیا گیا۔

ایک قسم ایسے افراد پر مشتمل تھی جو سوشل میڈیا ایپس پر بس دوسروں کے پوسٹ کردہ مواد کو دیکھتے رہتے ہیں، دوسری قسم ایسے افراد کی تھی جو مواد تو پوسٹ کرتے ہیں مگر دیگر صارفین کی پوسٹس نہیں دیکھتے، جبکہ تیسری قسم متحرک صارفین کی تھی جو اپنی پوسٹس کے ساتھ ساتھ دیگر صارفین سے بھی رابطے میں رہتے ہیں۔

محققین نے دریافت کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر بے مقصد اسکرولنگ کرنے والے افراد میں انزائٹی، ڈپریشن اور تناؤ کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اس کے مقابلے میں باقی اقسام کے صارفین کی ذہنی صحت پر کوئی خاص اثرات دریافت نہیں کیے جاسکے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس پر کم متحرک افراد کو دوسروں سے بات چیت شروع کرنے کے اضافی دباؤ کا سامنا نہیں ہوتا، جس سے ان کی ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بے مقصد اسکرولنگ سے لوگوں کو اپنے جذبات کے اظہار کا موقع نہیں ملتا اور وہ خود کو الگ تھلگ سمجھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنہائی کا یہ احساس تناؤ، انزائٹی اور ڈپریشن جیسے امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

مزید خبریں :