Geo News
Geo News

Time 06 جولائی ، 2023
پاکستان

لیہ اراضی کیس: ’پٹواری ریکارڈ لےکر فرار ہو گیا‘، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پٹواری ریکارڈ لےکر غائب ہو جائے، جو آپ نے بتایا اس سے لگتا ہے کہ کوئی گڑبڑ ہوئی ہے: لاہور ہائیکورٹ۔ فوٹو فائل
یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پٹواری ریکارڈ لےکر غائب ہو جائے، جو آپ نے بتایا اس سے لگتا ہے کہ کوئی گڑبڑ ہوئی ہے: لاہور ہائیکورٹ۔ فوٹو فائل

لاہور ہائیکورٹ نے لیہ میں زمین کے انتقال میں مبینہ بےضابطگیوں کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ زمین کی منتقلی عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید کے نام پر ہوئی، جب یہ انتقال درج اور پاس ہوئے اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم تھے، جو انتقال درج ہوا اس کا بک نمبر درج نہیں کیا گیا۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ پٹواری کا ریکارڈ کدھر ہے، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ پٹواری ریکارڈ لےکر فرار ہو گیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پٹواری ریکارڈ لےکر غائب ہو جائے، درخواست گزار کے خلاف الزامات ثابت کریں کسی اور کا کیس ہمارے سامنے نہیں ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے پوچھا کہ اس سارے معاملے کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں، جو آپ نے بتایا اس سے لگتا ہے کہ کوئی گڑبڑ ہوئی ہے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا اس موضع کا ایک لاکھ ایکڑ کا مشترکہ کھاتا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ اس کا مطلب ہے بیچنے والے اسی کھاتے میں مزید اراضی کے مالک ہو سکتے ہیں، اگر کسی کی اراضی یا گھر چھین لیا جائے تو کوئی چپ نہیں رہتا۔

لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد لیہ اراضی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔