09 جولائی ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی وزٹ ویزے پر کینیڈا جاتے ہوئے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی نشاندہی پر جعلی ویزا لگانے والے دو ایجنٹ بھی پکڑے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے جعلی وزٹ ویزے پر کینیڈا جانے والے مسافر کو آف لوڈ کیا اور پوچھ گچھ کے دوران مسافر کی نشاندہی پر ائیرپورٹ سے مذکورہ ایجنٹوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
مسافر فلائٹ نمبر پی کے 783 سے کینیڈا جا رہا تھا اور مسافر کے پاکستانی پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے مذکورہ ویزا ایجنٹ سے ویزا حاصل کیا اور اس کے لیے مسافر نے ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے آن لائن ٹرانسفر بھی کیے۔
مسافر کی نشاندہی پر ایجنٹ فیاض حسین اور سالک شریف کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، دونوں ملزمان کو ائیرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن علی مراد کی جانب سے بروقت کارروائی پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔