09 جولائی ، 2023
اگر آپ واٹس ایپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر استعمال کرتے ہیں تو علم ہوگا کہ میسجنگ ایپ کے ویب ورژن پر لاگ ان ہونے کے لیے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنا ضروری ہوتا ہے۔
مگر اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ اس طریقہ کار کو بدلنے والی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر لنک ود فون نمبر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ ویب پر کیو آر کوڈ اسکین کیے بغیر اپنے اکاؤنٹ کو استعمال کر سکیں گے۔
اس فیچر کا مقصد واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ویب ورژن میں استعمال کرنے کا عمل آسان بنانا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے مگر مستقبل قریب میں اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
ابھی واٹس ایپ کی جانب سے ویب ورژن میں اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کو کہا جاتا ہے۔
اگر آپ واٹس ایپ بیٹا ورژن استعمال کر رہے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ آپ کے لیے یہ فیچر دستیاب ہو۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے پہلے براؤزر پر واٹس ایپ ویب کو اوپن کریں۔
وہاں دائیں جانب کیو آر کوڈ موجود ہوگا جبکہ بائیں جانب نیچے لنک ود فون نمبر کا آپشن ہوگا۔
اس آپشن پر کلک کرنے پر آپ سے فون نمبر پوچھا جائے گا۔
فون نمبر کے اندراج پر 8 ہندسوں کا کوڈ لکھا آئے گا جس کو واٹس ایپ کی موبائل ایپ پر لنکڈ ڈیوائس کے آپشن میں جاکر درج کرنا ہوگا۔