10 جولائی ، 2023
اگر آپ ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے مرض کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو اچھی اور گہری نیند کو یقینی بنائیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ گہری نیند کے دوران انسولین کے حوالے سے جسمانی ردعمل بڑھ جاتا ہے جس سے اگلے دن بلڈ شوگر کنٹرول بہتر ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہی وجہ ہے کہ اچھی نیند سے محرومی سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 600 افراد کو شامل کرکے ان کی نیند کی عادات کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گہری نیند کے دوران دماغی لہریں جسم کے parasympathetic اعصابی نظام کو متحرک کرتی ہیں۔
اعصابی نظام کا یہ حصہ جسم کو پرسکون کرتا ہے جس سے دل کی دھڑکن کی رفتار سست ہوتی ہے اور خون کی شریانیں پھیل جاتی ہیں۔
تحقیق میں شامل افراد میں اس نظام کے متحرک ہونے سے دل کی دھڑکن میں آنے والی تبدیلیوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
محققین نے دریافت کیا کہ اس نظام کے متحرک ہونے سے جسم کا انسولین کے حوالے سے ردعمل بڑھ جاتا ہے۔
انسولین وہ ہارمون ہے جو بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اس کے لیے وہ خلیات کو خون میں موجود گلوکوز جذب کرنے کی ہدایت دیتا ہے، جس سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ نہیں ہوتا۔
محققین نے بتایا کہ نیند کے دوران دماغی لہریں ایک ایسے عمل کو متحرک کرتی ہیں جو ہمارے جسم کے بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے نظام کے لیے اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے 1900 افراد پر مشتمل ایک الگ گروپ میں بھی نیند کے اس اثر کا مشاہدہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیند کو ہائی بلڈ شوگر اور ذیابیطس ٹائپ 2 کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل رپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے۔