11 جولائی ، 2023
میٹا کی نئی ایپ تھریڈز لانچ کے بعد سے دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہوئی ہے۔
اس ایپ کے جن پہلوؤں کے بارے میں سب سے زیادہ بات کی جا رہی ہے، ان میں سے ایک اس کا لوگو (Logo) بھی ہے۔
5 جولائی کی شب اس ایپ کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے بیشتر افراد اس لوگو کے مطلب کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری تھریڈز پر بھی بہت زیادہ سرگرم ہیں اور ممکنہ طور پر اس ایپ کا انتظام بھی وہی سنبھال رہے ہیں کیونکہ یہ ایپ انسٹاگرام سے منسلک ہے۔
ان کی جانب سے تھریڈز کے بارے میں کافی کچھ اس ایپ پر ان کے اکاؤنٹ پر بتایا جاتا ہے، جیسے نئے فیچرز، مگر اس کے ساتھ ساتھ پس پردہ حقائق سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
کچھ دن پہلے تھریڈز کے ایک میسج میں انہوں نے ایپ کے لوگو کا مطلب اور اس کے استعمال کی وجہ بھی بتائی۔
ان کی وضاحت سے پہلے اگر اس ایپ کے لوگو کو دیکھا جائے تو یہ پہلی نظر @ سمبل جیسا لگتا ہے مگر بالکل ویسا نہیں، مگر اس کا مطلب اسی میں چھپا ہے۔
اس بارے میں ایڈم موسیری نے بتایا کہ تھریڈز کا لوگو کلاسیک انٹرنیٹ سمبل @ سے اخذ کیا گیا ہے جو کسی فرد کے یوزر نیم، انفرادی آزادی اور آواز کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ لوگو @ کو ایک نہ ٹوٹنے والی لکیر کے طور پر استعمال کرتا ہے اور اس میں موجود لوپ تھریڈز شروع کرنے کا عندیہ دیتا ہے۔
یعنی لوگو کا مطلب یہ ہے کہ جب تھریڈ کا آغاز ہوتا ہے تو اس کا سلسلہ ٹوٹتا نہیں۔
اس لوگو کے لیے انسٹاگرام کے sans serif فونٹ کو استعمال کیا گیا ہے اور میٹا کے مطابق یہ تامل حروف تہجی یا ایلفابیٹ سے متاثر ہے۔
کمپنی کے مطابق تھریڈز لوگو تامل لفظ ம پر مبنی ہے اور تامل میں اس کا تلفظ ma ہوتا ہے۔