سال کا وہ دن جب دنیا کی 99 فیصد آبادی ایک ساتھ سورج کی روشنی دیکھ پاتی ہے

ایسا ایک مخصوص دن ہوتا ہے / فائل فوٹو
ایسا ایک مخصوص دن ہوتا ہے / فائل فوٹو

ہمارا سیارہ بہت بڑا ہے اور اس کے ایک کونے میں دن ہوتا ہے تو دوسرے میں رات کی تاریکی چھائی ہوئی ہوتی ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہر سال ایک دن ایسا بھی ہوتا ہے جب دنیا کی 99 فیصد آبادی ایک ساتھ سورج کی روشنی دیکھ پاتی ہے؟

جی ہاں واقعی لگ بھگ 8 ارب افراد بیک وقت کسی حد تک سورج کی روشنی کو ایک ساتھ دیکھ پاتے ہیں۔

یہ دن ہے 8 جولائی جب محض چند منٹ کے لیے دنیا کے 99 فیصد افراد سورج کی روشنی کو ایک ساتھ دیکھ پاتے ہیں۔

اس سال 8 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے یہ موقع آیا تھا جب ایک منٹ کے لیے لگ بھگ 8 ارب افراد سورج کی روشنی ایک ساتھ دیکھ سکتے تھے، مگر اس وقت سورج کی روشنی ہر جگہ ایک جیسی نہیں تھی۔

مشرقی بعید جیسے جاپان میں اس موقع پر شام چھا رہی تھی جبکہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں صبح کے 7 بجے تھے۔

ایشیا، یورپ، افریقا، شمالی اور جنوبی امریکا میں رہنے والوں کو دن کی روشنی ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ملا جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پیسیفک آئی لینڈز میں تاریکی چھائی ہوئی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بات کا انکشاف 2022 میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ہوا تھا اور اس کے بعد ایک ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ کی جانب سے اس پر تحقیق کی گئی۔

اس تحقیق میں ثابت ہوا کہ سوشل میڈیا پر کیا جانے والا دعویٰ کچھ شرائط کے ساتھ درست ہے۔

یعنی 99 فیصد آبادی کے لیے سورج کی ہر قسم کی روشنی یہاں تک کہ جھٹ پٹے کے وقت کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔

البتہ اس دن 83 فیصد آبادی کو دن کی حقیقی روشنی بیک وقت دیکھنے کا موقع ملتا ہے جبکہ 16 فیصد کو صبح یا شام کے وقت کی سورج کی مدھم روشنی نظر آتی ہے۔

ایسا ہونے کی جزوی وجہ ہمارے سیارے کی آبادی کا سطح زمین پر قیام کرنا ہے، ورنہ بحر الکاہل میں اس موقع پر رات ہوچکی تھی، یہ سمندر زمین کے ایک تہائی حصے پر پھیلا ہوا ہے۔

زمین کی 90 فیصد آبادی شمالی نصف کرے میں مقیم ہے جہاں موسم گرما کے دوران دن کا دورانیہ طویل ہو جاتا ہے، اس لیے ایسا ممکن ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سال کے طویل ترین دن کے بعد دن کا اوسط دورانیہ گھٹنے لگتا ہے مگر زمین اپنے محور پر ذرا جھک جاتی ہے جس کے باعث جنوبی خطوں میں دن کے وقت روشنی کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے۔

ویسے آپ کے لیے یہ جاننا بھی دلچسپ ہوگا کہ 6 دسمبر وہ دن ہوگا جب دنیا کی 85 فیصد آبادی کو ایک ساتھ رات دیکھنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں :