12 جولائی ، 2023
بھارت کی جانب سے 95 ہزار کیوسک سے زائد پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے ستلج میں نچلےدرجےکے سیلاب کا خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق قصور، ساہیوال، اوکاڑہ،پاکپتن، وہاڑی، بہاولپوراوربہاولنگر سمیت پنجاب کے 7 اضلاع متاثر ہونےکا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
گنڈا سنگھ والا میں سیلاب سے سینکڑوں ایکڑ کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں جب کہ بستیاں پانی میں گِھر گئیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والاکے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد اور اخراج 57 ہزار 380کیوسک ہے جب کہ راوی اور چناب سمیت دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہےکہ تمام صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے تلوارپوسٹ کےفلڈریلیف کیمپ اور گنڈا سنگھ والا بارڈر کا دورہ کیا، انہوں نے دریائے ستلج کے قریب میں موجود آبادیوں کے فوری انخلا کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ لوگوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔