Time 12 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

تھریڈز میں بہت جلد متعدد اہم فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان

انسٹاگرام کے سربراہ نے ان فیچرز کو جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا / رائٹرز فوٹو
انسٹاگرام کے سربراہ نے ان فیچرز کو جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا / رائٹرز فوٹو

تھریڈز ایپ میں متعدد ایسے نئے فیچرز کا اضافہ جلد کیا جائے گا جن کی کمی صارفین محسوس کرتے ہیں، جس سے اسے ٹوئٹر سے مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بات انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک تھریڈز پوسٹ میں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ اس نئی ایپ میں پوسٹس کو ایڈٹ کرنے والے بٹن، پوسٹس کو سرچ کرنے کا آپشن اور فالوونگ ٹائم لائن جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں نئے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ رواں ہفتے سے ہی شروع ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ تھریڈز ایپ انسٹاگرام سے منسلک ہے اور ممکنہ طور پر ایڈم موسیری ہی اس کا انتظام بھی سنبھال رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بہت زیادہ سرگرم ہیں اور انہوں نے حالیہ دنوں میں تھریڈز میں ہیش ٹیگز، ٹرینڈنگ ٹاپکس اور ڈیسک ٹاپ ایپ جیسے فیچرز متعارف کرانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

اہم فیچرزکی کمی اور یورپی یونین میں متعارف نہ کرائے جانے کے باوجود میٹا کی اس نئی ایپ کے صارفین کی تعداد محض 5 دن میں 10 کروڑ سے زائد ہوگئی تھی۔

تھریڈز کو انسٹاگرام سے منسلک کیا گیا ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب کے قریب ہے۔

میٹا نے یہ ایپ اس وقت متعارف کرائی جب ٹوئٹر میں ایسی تبدیلیاں کی گئی تھیں جو صارفین کو زیادہ پسند نہیں آئیں۔

پہلے تو کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر پر مواد دیکھنے کے لیے لازمی لاگ ان کی شرط عائد کی گئی۔

اس کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے مواد دیکھنے کی حد مقرر کی گئی۔

مزید خبریں :