13 جولائی ، 2023
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
قصورگنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے بڑھ گئی اور اگلے 24 سے48 گھنٹوں میں دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
بھارت سے آنے والا ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا جسڑ سے شاہدرہ لاہور کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے راوی کنارے شکر گڑھ کے سرحدی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ جھنگ میں دریائے چناب میں سیلابی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیلابی ریلوے سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے اور سیکڑوں ایکڑ فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
زیر آب علاقوں سے ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں جن میں اب تک 5 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔