16 جولائی ، 2023
صوبہ سندھ میں نجی طریقوں سے سود کے عوض قرض دینے والوں کےخلاف قانون نافذالعمل ہوگیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ سندھ پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیوٹ لون بل2023 اسمبلی سے منظور کیاگیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ گورنرسندھ کی منظوری کے بعد قانون سندھ میں نافذ کردیا گیا ہے جس کے باعث نجی طریقوں سے سود کے عوض قرض دینے والوں کےخلاف مقدمات درج ہوسکیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ گلی، محلے اور علاقوں میں نجی افراد کی جانب سے قرض پر سود کی وصولی کے خلاف کارروائی ہوسکے گی۔
مشیر قانون کا کہنا تھاکہ قانون لاگو ہونے سے لوگوں کی مجبوری سےفائدہ اٹھاکرسود وصولی کرنے والوں کی بیخ کنی ممکن ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں راولپنڈی کے علاقے چاکرہ میں محمد مسعود نامی شخص نے قرض دینے والی آن لائن کمپنیوں کی دھمکیوں سے تنگ آ کر خودکشی کرلی تھی۔
اس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے قرض دینے والی آن لائن کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے جس کے بعد مزید متاثرہ افراد سامنے آئے ہیں۔