17 جولائی ، 2023
جنوبی کوریا میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں نے تباہی مچادی، سیلاب کی وجہ سے پانی سے بھری سرنگ سے 9 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر (Cheongiu) میں بارشوں کے سبب سرنگ پانی سے بھر گئی، امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو اہلکاروں کو 9 لاشیں ملی ہیں۔
اب تک یہ واضح نہیں ہوا کہ 685 میٹر لمبی سرنگ میں کتنے افراد پھنسے لیکن امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تقریباً 15 گاڑیاں سیلاب کے باعث سرنگ میں ڈوب گئیں۔
رپورٹس کے مطابق ہفتے کو ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں کے دوران سرنگ میں پھنسی ایک بس سے شہریوں کی لاشیں ملیں جبکہ کئی افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا۔
حکام کی جانب سے لاشوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
متاثرین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اگر حکام کی جانب سے بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کی جاتیں تو اموات نہ ہوتیں۔
بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا میں بارشوں اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف واقعات میں اب تک 37 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 9 افراد لاپتہ ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے فوج کی مدد طلب کرلی گئی ہے،جنوبی کوریا کی سینٹرل کاؤنٹی گوئیزن میں شدید بارشوں کےسبب گوئیزن ڈیم اوور فلو ہوگیا جہاں 6 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔