20 جولائی ، 2023
بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران دو خواتین کو برہنہ کر کے سر عام پریڈ کروانے کی ویڈیو پر اداکارہ کیارا ایڈوانی بھی خاموش نہ رہ سکیں۔
بھارتی شہر منی پور میں نسلی فسادات کے دوران دو خواتین کو برہنہ کر کے سر عام پریڈ کرانے کی ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید رد عمل کا اظہار کیا، اب بھارتی اداکارہ کیارا ایڈوانی نے بھی اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کیارا ایڈیوانی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو خوفناک ہے اور اس نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں ان خواتین کیلئے دعا گو ہوں کہ انہیں جلد انصاف ملے اور ذمہ داران کو سخت سزا ملنی چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں۔
دوسری جانب اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا کہ میں تکلیف میں ہوں اور کسی بھی سول سوسائٹی کیلئے یہ شرم کا مقام ہے، اس میں ملوث کسی بھی ملزم کو بھی نہیں بخشا جائے گا، ہم ان لوگوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے جو اس کے پیچھے ہیں۔
منی پور میں فسادات کس کے درمیان ہو رہے ہیں؟
بھارتی ریاست میں اکثریت میٹی اور اقلیتی کوکی قبائل میں تنازع چل رہے اور ریاست میں ہونے والے فسادات میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ کئی گرجا گھروں، سرکاری دفاتر اور گھروں کو بھی نذر آتش کیا جا چکا ہے۔
بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما این بائرن سنگھ 2017 سے ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ریاست میں 53 فیصد آبادی ہندو میٹی قبیلے کی ہے جبکہ ریاست میں عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے کوکی اقلیتی قبیلے کی شرح 16 فیصد ہے۔