20 جولائی ، 2023
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کا ماننا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی ٹیکنالوجی کی دنیا میں پرسنل کمپیوٹر کے بعد اب تک کی سب سے اہم ترین پیشرفت ہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔
گزشتہ دنوں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے مختلف مسائل جیسے ڈیپ فیک تصاویر یا ویڈیوز، اسکولوں میں نقل اور متعصب الگورتھمز ضرور ابھرے ہیں، مگر ان کی روک تھام ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اے آئی ٹیکنالوجی کے خطرات کے بارے میں کافی کچھ لکھا گیا ہے، مگر کسی کے پاس تمام جوابات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایک چیز میری نظر میں واضح ہے کہ اے آئی کا مستقبل اتنا برا نہیں جتنا کچھ لوگوں کا خیال ہے اور نہ ہی اتنا بہترین ہے جیسا کچھ لوگوں کو لگتا ہے'۔
بل گیٹس اے آئی ٹیکنالوجی کی حمایت میں کافی عرصے سے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں اور اس حوالے سے قوانین کا اطلاق بھی چاہتے ہیں۔
بلاگ پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی انسانی معاشروں نے نمایاں تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کی تھی اور ایسا ہی اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایسے ضوابط کی ضرورت ہے جیسے گاڑیوں کی رفتار محدود اور سیٹ بیلٹس کے استعمال کے لیے نافذ کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'جب گاڑیاں سڑکوں پر آئیں تو پہلا حادثہ ہوا، مگر ہم نے گاڑیوں پر پابندی نہیں لگائی، بلکہ رفتار محدود کی، تحفظ کے معیار طے کیے، لائسنس کی شرط عائد کی اور دیگر قوانین کا نفاذ کیا'۔
بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ابھرنے والے چیلنجز پر تشویش ظاہر کی، مگر ان کا کہنا تھا کہ لوگ ڈیپ فیک مواد کو وقت کے ساتھ بہتر شناخت کرنے لگے گے۔