Time 21 جولائی ، 2023
دنیا

روس نے اوڈیسہ میں اناج کے ٹرمینلز پر میزائل حملے کیے: یوکرین کا الزام

حملوں کے نتیجے میں 100 ٹن کے قریب مٹر اور 20 ٹن کے قریب گندم تباہ ہوگئی جب کہ اس حملے دو شہری بھی زخمی ہوئے ہیں: گورنر اوڈیسہ/ فوٹو رائٹرز
حملوں کے نتیجے میں 100 ٹن کے قریب مٹر اور 20 ٹن کے قریب گندم تباہ ہوگئی جب کہ اس حملے دو شہری بھی زخمی ہوئے ہیں: گورنر اوڈیسہ/ فوٹو رائٹرز

یوکرین نے روس پر اناج کے ٹرمینلز کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوڈیسہ کے گورنرنے کہا کہ روسی میزائلوں نے جنوبی علاقے میں مسلسل چوتھی رات فضائی حملے کیے جس میں زرعی انٹرپرائز پر اناج کے ٹرمینلز کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 100 ٹن کے قریب مٹر اور 20 ٹن کے قریب گندم تباہ ہوگئی جب کہ اس حملے دو شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

گورنر اولے کیپرنے کہا کہ روس نے حملوں میں کلیبر کروز میزائل استعمال کیے جنہیں بحیرہ اسود سے داغا گیا تھا۔

دوسری جانب روس نے بحیرہ اسود میں نیوی کی مشقیں بھی شروع کردی ہیں جس میں روسی بحریہ بحیرہ اسود میں براہ راست فائرنگ کی مشقیں کررہی ہے۔

اس سلسلے میں کریملن سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یوکرین میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے پانی کے راستے بحری جہازوں پر یوکرین پہنچنے کو ترجیح دی جائے گی۔

ادھر روس کا کہنا ہےکہ یوکرین کی افواج امریکا کی جانب سے دیے جانے والے متنازع کلسٹر بموں کو روسی حملوں کے جواب میں استعمال کررہی ہے۔

واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر کرائمیا پل پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے اناج معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا تھا جب کہ یوکرین نے کہا ہےکہ اناج کی برآمدات کا معاہدہ روس کے بغیر بھی جاری رہے گا۔

اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

یوکرین اناج معاہدے سے روس کے نکلنے کے بعد دنیا بھر میں اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

روس کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ یوکرین سے اناج کی فراہمی رُکنے سے جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے غریب اور کم آمدنی والے ممالک متاثر ہوں گے ۔

آئی ایم ایف کے مطابق روس کے فیصلے سے عالمی غذائی تحفظ کو شدید نقصان ہوگا، یوکرین سے اناج کی فراہمی میں تعطل سے خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں :