Time 21 جولائی ، 2023
پاکستان

توشہ خانہ کیس: جج اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل میں تکرار

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ روزانہ سماعت ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ فوٹو فائل
عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ روزانہ سماعت ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ فوٹو فائل

توشہ خانہ کیس میں دلائل مکمل کرنے پر جج ہمایوں دلاور اور چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل خواجہ حارث میں تکرار ہو گئی۔

جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وکیل سے آج ہی توشہ خانہ کیس کے دلائل مکمل کرنے پر اصرار کیا جبکہ خواجہ حارث پیر تک سماعت ملتوی کرنے پر زور دیتے رہے۔

فاضل جج نے کہا کہ جمعے کے بعد دلائل مکمل کریں، آپ کے پاس آج جرح مکمل نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، جس پر خواجہ حارث بولے انہیں تازہ دم ہونا ہے، سماعت پیر تک ملتوی ہوگئی تو کیا ہو جائے گا، جمعے کے بعد میرے پاس وقت نہيں ہے، یہ کہہ کر خواجہ حارث کمرہ عدالت سے نکل گئے۔

وقفے کے بعد خواجہ حارث عدالت میں نہيں آئے جبکہ جج ہمایوں دلاور نے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے استفسار پر  کہا کہ روزانہ سماعت ان کا اپنا فیصلہ ہے، آج کی سماعت میں چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ وقاص ملک کے دستخط کو جھوٹا قرار دیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے یہ اعتراض اٹھایا کہ ساری جرح غیر متعلقہ ہو رہی ہے، توشہ خانہ سے تحائف لیے گئے اس سے متعلق جرح نہیں کی جا رہی۔

مزید خبریں :