22 جولائی ، 2023
دریائے راوی سے پانی لاہور کے مضافاتی علاقے میں داخل ہوگیا جس سے چوہنگ کے گاؤں میں کھڑی فصلیں زیرِ آب آگئیں۔
لاہور میں ملتان روڈ پر چوہنگ کے قریب واقع گاؤں نانوں ڈوگر میں دریا کا پانی داخل ہو گیا جس سےکھڑی فصلیں زیر آب آگئیں جبکہ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس صورت حال پر علاقہ مکین کہتے ہیں کہ خدشہ ہے کہ انتظامیہ نے ہیڈ بلوکی کے مقام پر پانی کا اخراج کم کر دیا ہے جس کی وجہ سے یہاں پانی کا دباؤ بڑھنے سے زمینیں زیر آب آگئیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بند باندھا جو ٹوٹ گیا ہے، ابھی تک کوئی حکومتی نمائندہ اور ریسکیو ٹیمیں یہاں نہیں پہنچیں۔
متاثر گاؤں کے لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔