Time 26 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

اب اینڈرائیڈ صارفین اسمارٹ فونز پر چیٹ جی پی ٹی ایپ استعمال کر سکتے ہیں

چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ابھی چند ممالک میں دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو
چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ابھی چند ممالک میں دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو

چیٹ جی پی ٹی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی وہ وائرل چیٹ بوٹ ہے جس نے حالیہ مہینوں میں دنیا کی توجہ حاصل کی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی ایک ایسا سپر ٹول ہے جو آن لائن لگ بھگ ہر کام کر سکتا ہے۔

اسے لوگوں کی معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے اندر سوالات کے جواب دینے کے لیے بہت زیادہ تفصیلات رکھی گئی ہیں جبکہ مشین لینگوئج لرننگ کے ذریعے وہ مسلسل خود کو بہتر بھی بنا رہا ہے۔

اسے تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی ایپ متعارف کرا دی ہے۔

یہ ایپ ابھی امریکا، بھارت، بنگلادیش اور برازیل میں صارفین کو دستیاب ہے مگر اوپن اے آئی کے مطابق آئندہ ہفتے دیگر ممالک کے لیے بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی ایپ مئی میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب 2 ماہ بعد اینڈرائیڈ صارفین بھی اسے استعمال کر سکیں گے۔

ویسے تو یہ چیٹ جی پی ٹی کی پہلی آفیشل اینڈرائیڈ ایپ ہے مگر اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ کی اولین ایپ نہیں۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بنگ اے آئی چیٹ بوٹ کئی ماہ سے دستیاب ہے جو چیٹ جی پی ٹی پر ہی مبنی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ اس وقت متعارف کرائی گئی ہے جب گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جون میں پہلی بار چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی۔

مزید خبریں :