26 جولائی ، 2023
کولمبو ٹیسٹ کے ڈبل سنچری میکر عبداللہ شفیق نے کہا کہ اچھا پلیئر وہی ہوتا ہے جو خود کو جلد مشکل فیز سے نکالتا ہے، جب پرفارم نہیں ہورہا تھا تو اپنی غلطیوں پر کام کیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کولمبو ٹیسٹ کے ڈبل سنچری میکر عبداللہ شفیق نے کہا کہ ہر پلیئر پر برا وقت آتا ہے، پروفیشنل کرکٹرز کو اس سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ اچھا پلیئر وہی ہوتا ہے جو خود کو جلد اس فیز سے نکالتا ہے، جب پرفارم نہیں ہورہا تھا تو اپنی غلطیوں پر کام کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلیبریشن کے بارے میں کچھ سوچا نہیں تھا، جو ذہن میں تھا وہ کیا، خراب پرفارم ہو تو منفی سوچ بھی ذہن میں آتی ہے، ٹیم منیجمنٹ اور کپتان نے مجھے اعتماد دیا اور یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ رنز نہیں ہو رہے۔
عبداللہ شفیق نے مزید کہا کہ یہاں کی کنڈیشنز کو ذہن میں رکھ کر پریکٹس کی تھی، سری لنکا آنے سے پہلے اسپن کنڈیشنز کا سوچ کر سوئپ شاٹس کی تیاری کی تھی،کوشش ہوگی کہ کولمبو ٹیسٹ جیت کر سیریز میں 0-2 کی فتح حاصل کریں۔