27 جولائی ، 2023
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں پاک بھارت میچ کے وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ ایک سے دو روز میں ہونے کا امکان ہے۔
نئی دلی میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے حوالے سے تمام ریاستی کرکٹ نمائندوں کی ہنگامی میٹنگ بلائی تھی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ کا کہنا تھا کہ دو سے تین ممبرز ممالک نے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی ہے، شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ دو سے تین روز میں کیا جائے گا۔
جے شاہ نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے کہا کہ پاک بھارت میچ کا وینیو احمد آباد ہی رہے گا جبکہ تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ آئندہ دو سے تین روز میں کر دیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوراتری تہوار کی وجہ سے سکیورٹی ایجنسیز نے بی سی سی آئی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
تاہم اس تبدیلی کے حوالے سے جے شاہ کا کہنا تھا کہ دو سے تین ممبرز ممالک نے میچز کے درمیان وقفہ کم ہونے کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ جے شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے جاری شدہ شیڈول میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔